جوبائیڈن مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کیلئےکوششیں کریں گے،ڈیموکریٹک پارٹی

نیویارک : امریکہ کی اپوزیشن جماعت ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین ٹام پیریز نے پاکستانی نژاد امریکی کمیونٹی کے ارکان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ سابق نائب صدر و ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کامیابی کی صورت میں مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل اور بھارت میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک کے خاتمہ کی کوششیں کریں گے۔یہ بات انہوں نے امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی(اے پی پی اے سی) کی جانب سے جوبائیڈن کی صدارتی مہم کے ساتھ منعقدہ ورچوئل میٹنگ میں کہی۔ اس موقع پر امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستانی نژاد امریکیوں کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے چیئرمین ڈیموکریٹ پارٹی ٹام پیریز کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔اس موقع پر چیئرمین ڈیموکریٹ پارٹی ٹام پیریز نے جوبائیڈن کی صدارتی مہم کے ساتھ تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر براک اوباما کشمیر کے مسئلہ پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازعہ سے متعلق بہت اچھی طرح سے جانتے ہیں اور وہ اس کے حل کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن مسائل کے حل کے لیے بات چیت پر یقین رکھتے ہیں اور وہ ملک کی اقلیتوں کو آگے بڑھنے کے لیے ان کی مناسب نمائندگی کریں گے۔انہوں نے خصوصاً مسلمانوں کے لیے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں اور اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جوبائیڈن معاشرتی تنوع کے حامی ہیں ۔ اس موقع پر دیگر کمیونٹی لیڈرز نے وسیع پیمانے پر درپیش مسائل خاص طور پر بعض قوانین جس سے وہ متاثر ہوتے ہیں سے متعلق ٹام پیریز کو آگاہ کیا۔ میٹنگ کے دوران جوبائیڈن کی انتخابی مہم کے لیے 2لاکھ 50 ہزار ڈالر چندہ جمع کیا گیا۔