متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو اٹھا لیا گیا،ابوظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو اٹھا لیے جانے کے بعد بھی ابو ظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار۔ نیشنل اسٹریلائسیشن پروگرام کی تکمیل کے بعد ابوظہبی کے رہائشی اب امارات میں آزادانہ طور پر نقل مکانی کر سکتے ہیں، تاہم ابوظہبی میں داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں جاری کرفیو کو ہٹائے جانے کے اعلان کے بعد ایک اور خبر سامنے آئی ہے جس کے مطابق حکام کی جانب سے ابوظہبی میں داخلے پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ابوظہبی میڈیا آفس کی جانب سے کیے گئے ایک ٹوئیٹ کے مطابق ابوظہبی کے شہری اب متحدہ عرب امارات کی باقی ریاستوں میں آزادانہ طور پر گھوم پھر سکتے ہیں تاہم ابوظہبی میں داخلے پر عائد پابندی ابھی بھی برقرار رہے گی۔آگاہ کیا گیا ہے کہ ابوظہبی سے باہر جانے کے لیے کسی قسم کے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہوگی تاہم اندر صرف وہی لوگ آ سکیں گے جو ان پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔واضح رہے کہ اماراتی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے مملکت میں نافذ کیے گئے کرفیو کو اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں نافذ کرفیو فوری اٹھا لیا گیا ہے جس کے بعد مملکت کے شہریوں پر عائد نقل و حرکت کی پابندیاں اب ختم ہو گئی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے شہری اب دن کے کسی بھی وقت، کسی بھی علاقے کا سفر کر سکتے ہیں۔