برازیل کے صدر عوام کے سامنے فیس ماسک پہنیں گے، ورنہ جرمانہ ہوگا

برازیلیہ :برازیل کے صدر عوام کے سامنے فیس ماسک پہنیں گے، ورنہ جرمانہ ہوگا۔ صدر جیئر بولسونارو جب عوام کے سامنے جائیں تو چہرے پر ماسک پہنیں، اگر عدالتی حکم کی مسلسل خلاف ورزی کی گئی تو یومیہ 387 ڈالر تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق برازیل کی عدالت کا فیصلہ منگل کے روز پبلک کیا گیا ہے جس کے مطابق برازیل کے صدر جیئر بولسونارو کو جج کی جانب سے تاکید کی گئی ہے کہ وہ جب بھی عوام کے سامنے جائیں تو اپنے چہرے پر ماسک لگا کر جائیں ورنہ ان کو جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ برازیل کے صدر بولسونارو کورونا وائرس سے متعلق شکی طبیعت رکھتے ہیں، وہ اکثر اوقات وائرس کی شدت کی نفی کرتے نظر آتے ہیں اور حفاظتی اقدامات پر تنقید بھی کرتے رہتے ہیں۔مذکورہ عدالتی فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 10 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے، فیڈرل جج ریناتو بوریلی کا کہنا ہے کہ صدر بولسونارو کو 387 ڈالر یومیہ جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا ہے اگر وہ مسلسل کورونا سے متعلق فیڈرل ڈسٹرک آرڈیننس کی خلاف ورزی کرتے ہیں تو واضح رہے کہ برازیل میں مہلک کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 11 لاکھ 50 ہزار سے تجاوزکرگئی ہے۔