بھارتی وزیراعظم سرینڈر مودی ہیں، راہول گاندھی

نئی دہلی : بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے مرکزی رہنماء راہول گاندھی نے بھارتی وزیراعظم کو ’’سرینڈرمودی‘‘ قرار دے دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت خطے میں تنہا ہوتا جا رہا ہے، مودی سرکار چین سے بھی گفت وشنید میں مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ انہوں نے مائیکروبلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں چین میں مسلسل ناکامیوں پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ’’سرینڈر مودی‘‘ قرار دے دیا ہے۔

انہوں نے ٹویٹ میں جاپان ٹائمز کی ایک خبر کا لنک شیئر کیا، جس میں مودی سرکار کی ناکام خارجہ پالیسی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ اخبار میں واضح کیا کہ لداخ میں چینی فوج کے ہاتھوں بھارتی فوج کی شکست اور ایک گاؤں پر قابض ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔لیکن بھارت اپنے ہمسایہ ممالک کو ناراض کر بیٹھا ہے اور خطے میں تنہا ہوتا جا رہا ہے۔اسی طرح مودی سرکار چین سے بھی گفت وشنید میں مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام رہی ہے۔