پاکستان میں دہشتگردوں کی بھارتی حمایت بے نقاب کرتے رہیں گے،کور کمانڈر ز کانفرنس

راولپنڈی : کور کمانڈرکانفرنس(سی سی سی) نے ملک بھر میں تشدد کے واقعات میں مسلسل کمی ، افغان امن عمل کے بتدریج مثبت اثرات پر اطمینان کا اظہار کیا ، فورم نے اس عز م کا اظہار کیا کہ بھارتی عزائم کو ناکام بنانے،کشمیر میں بے گناہ شہریوں کو بھارت کی طرف سے نشانہ بنانے اور دہشت گرد گروپوں کی کھلے عام حمایت کرنے کے بھارتی منصوبوں کو بے نقاب کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار کے ٹویٹ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی۔ فورم نے قومی اداروں کے ساتھ ملکر صورتحال معمول پر لانے کے عمل میں معاون ثابت ہونے کا عزم کیا۔ فورم میں کوویڈ 19 کے خلاف فوج کی حکومت کو جاری امداد ، ٹڈی دل کے خطرے ، پولیو مہم اور دستیاب وسائل میں بھی اس کو بہتر بنانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس بات کی نشاندہی کی گئی کہ کوویڈ 19کو خلاف قومی یکجہتی سے ہی شکست دی جاسکتی ہے، اس کے لئے ہر فرد بنیادی طریقہ کار اور ہدایات کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کرکے کامیابی یقینی بنا سکتا ہے۔