پشاور:دہشت گردی کا منصوبہ ناکام،آٹھ خطرناک دہشت گرد گرفتار

پشاور :پشاور پولیس نے اہم کارروائی کرتے ہوئے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ مبینہ دہشت گردوں سے 4 دستی بم،کلاشنکوف، 4 پستول اور موٹرسائیکل بر آمد کئے ہیں۔تفیصلات کے مطابق کیپٹل سٹی پولیس پشاور نے مذموم مقاصد کی خاطر پشاور میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا، کارروائی میں وفاقی حساس ادارے کا تعاؤن بھی حاصل رہا، خطرناک دہشت گرد موٹر سائیکلز کے ذر یعے ضلع خیبر کی جانب سے پشاور میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے جن کو پولیس مقابلے کے بعد گرفتار کر لیاگیا ہے، دہشت گردوں نے گرفتاری سے بچنے کی خاطرپولیس پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش بھی کی جس کوپولیس جوانوں نے نہایت دلیری اور جوانمردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئے ناکام بنایا، گرفتار ہونے والے دہشت گردوں میں سے ایک کا تعلق ہمسایہ ملک افغانستان جبکہ بقیہ کا تعلق ضلع خیبر سے ہے جو کارخانو چیک پوسٹ پر ہونےوالے ہینڈ گرنیڈ حملوں جن میں ایک خاتون بھی جاں بحق ہوئی تھی کے ساتھ ساتھ تھانہ بھانہ ماڑی کی حدود میں تاجر طارق اور متنی میں حاجی عبدالرحمان کے بھٹہ خشت پر ہونے والے ہینڈ گرنیڈ حملوں میں بھی ملوث ہیں جنہوں نے ابتدائی تفتیش کے دوران دہشت گردی کے وارداتوں میں ملوث ہونے سمیت پشاور میں دیگر ٹارگٹس کا منصوبہ بنانے کا اعتراف کرتے ہوئے شریک ساتھیوں کی نشاندہی بھی کی جس پر ان کے دیگر چار ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے جن سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ، کارروائی کے دوران حراست میں لئے جانے والے آٹھ دہشت گردوں کا تعلق لشکر اسلام، جماعت الاحرار اور داعش سے ہے جن کے قبضہ سے چار عدد دستی بم ، کلاشنکوف ،چار عدد پستول سمیت مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہونے والی موٹر کار اور دو موٹر سائیکل بھی برآمد کر لئے گئے ہیں.