وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے زیر صدارت صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس

پشاور:صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کے زیر صدارت میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا ، اجلاس میں صوبے میں کورونا کی تازہ ترین صورتحال کے علاوہ سمارٹ لاک ڈاؤن اورمختلف شعبوں کے لئے صوبائی حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں آگے کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے مختلف تجاویز اور سفارشات پر تفصیلی غورو خوص کیا گیا ۔ صوبائی وزراء تیمور سلیم جھگڑا، شوکت یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر اجمل وزیر کے علاوہ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود، چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز، انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر ، متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں اور متعلقہ سول و عسکری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں کورونا مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سے صوبے کے خود مختار تدریسی ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ دیگر طبی اداروں کی استعداد کار کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اورفوری طور پر ان ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز پر سیر حاصل گفتگو کرنے کے بعد متعدد اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر صوبے کے تمام تدریسی ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے بہتر علاج معالجے کے لئے یکساں پالیسی گائیڈ لائنز جاری کرنے جبکہ ان تدریسی ہسپتالوں کو مختلف سطح پر اپنی استعداد کار بڑھانے کے لئے ٹائم لائنز دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی حکومت کی کو ویڈ پالیسی پر بہتر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے محکمہ صحت اور ان تدریسی ہسپتالوں کے درمیان روابط اور اشتراک کار کو بہتر بنایا جائیگا۔ کورونا کیسز کے حوالے سے صوبے کے تدریسی ہسپتالوں کی ضروریات کو پوری کرنے کے لئے ان ہسپتالوں کو درکار وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمود خان نے متعلقہ حکام کو ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں کی بھی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے ایک قابل عمل پلان تشکیل دیکر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی تاکہ صوبے کے ان تدریسی ہسپتالوں پر کورونا مریضوں کے رش کو کم کیا جا سکیں۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ان تدریسی ہسپتالوں کی استعداد کار کو بڑھانے کے سلسلے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے اگلے پیر کو ایک خصوصی اجلاس بلانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس کے شرکاء کوصوبے کے تدریسی ہسپتالوں کے علاوہ دیگر ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے مختص سہولیات کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو صوبائی حکومت کی طرف سے مختلف شعبوں کے لئے جاری کردہ ایس او پیز اور سماجی فاصلوں کے اصولوں پر عملدرآمد کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔بعض شعبوں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان ایس او پیز پر عملدرآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنانے پر زور دیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جن عوامی مقامات پر ان ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں ہورہا ان کو دوبارہ بند کر دیا جائے۔