بنوں پولیس کی کارروائی، دو دہشتگرد ہلاک

بنوں: بنوں میں پولیس کی بروقت کارروائی کے دوران دو حملہ آور دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بنوں پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ منڈان پولیس موبائل گاڑی معمول کے گشت پر تھی، اس دوران طغل خیل موڑ کے قریب سڑک کنارے نصب بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں پولیس موبائل وین کو معمولی نقصان پہنچا جبکہ جبکہ راہ گیر شوکت ولد ربنواز سکنہ جلات طغل خیل زخمی ہو گیا۔ پولیس نفری نے فوراََ علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران مخبر سے اطلاع ملی کہ نالہ ٹوچی علاقہ تھانہ ہوید میں 02 مشکوک افراد موٹر سائیکل پر تیز رفتاری کے ساتھ جنگل کی طرف جا رہے ہیں، ان کے پاس اسلحہ ہے۔ اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر یاسر آفریدی نے فوراََ ڈی ایس پی سرداد خان کی نگرانی میں پولیس ٹیم تشکیل دی۔ٹیم میں ایس ایچ او تھانہ ہوید قدرت اللہ خان، ایس ایچ او تھانہ منڈان بنیامین خان اور ایس ایچ او سی ٹی ڈی ہمراہ نفری پولیس نفری نے فوراََ علاقے کو گھیرے میں لے کر جگہ جگہ ناکہ بندی کی اور سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران 02 موٹر سائیکل سوار جو مسلح تھے، پولیس پارٹی نے اُنہیں رکنے کا اشارہ کیا مگر انہوں نے رکنے کی بجائے پولیس پارٹی پر براہ راست فائرنگ شروع کر دی اور پولیس پارٹی پر دستی بم بھی پھینکا۔ تاہم اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا، پولیس پارٹی نے جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دونوں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں سے 02 عدد پستول معہ بارودی مواد، دستی بم، ایک عدد ریمورٹ جو صبح ویلہ منڈان پولیس گاڑی پر حملے میں استعمال ہوا تھا اور وقوعہ میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد کی گئی، شناخت پر دونوں ملزمان دہشت گرد ثابت ہوئے، جس میں ایک کا نام رضوان ولد عبدالعزیز سکنہ حسن خیل جعفر خان جبکہ دوسرے کا نام مظہر اللہ ولد احسان اللہ سکنہ خوجڑی جانہ ہے۔ دہشت گرد مظہر اللہ نامی گرامی دہشت گرد رضوان اللہ کا سہولت کار ہے۔ دونوں دہشتگرد قتل، اقدام قتل، اغوا اور دیگر مقدمات میں پولیس کو متعدد کیسز میں انتہائی مطلوب تھے۔