آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، تیمورسلیم جھگڑا

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے ساتھ ساتھ تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں پر توجہ دی جائے گی۔ کورونا کی وجہ سے بجٹ متاثر ہوگا لیکن ترقیاتی پروگراموں کے لیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔تیمور جھگڑا نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم اکبر ایوب، وزیر قانون سلطان محمد، مشیر سائنس و ٹیکنالوجی ضیاء اللہ بنگش، مشیر ہائر ایجوکیشن خلیق الرحمان اور معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی وسیم حیات بھی موجود تھے۔ صوبائی وزراء کی ملاقات میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، کورونا وباء کی صورت حال اور صوبے کے سیاسی حالات و پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے وفاق سے ملنے والے محصولات پر فرق پڑا ہے جس سے صوبے کا آئندہ مالی سال-21 2020 کا بجٹ متاثر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کا بجٹ اچھا رہا اور ایک روپیہ بھی لیپس نہیں ہوا۔ وزیر صحت و خزانہ کا کہنا تھا کہ آئندہ بجٹ میں صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیم اور سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبوں کو بھی مدنظر رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کریں گی۔