صوبے کےاسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی کمی نہیں ہے، اجمل وزیر

پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات وتعلقات عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لیے 5473 بیڈز اور 508 وینٹی لیٹرز مختص ہیں، صوبے کے ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کے حوالے سے سول سیکرٹریٹ کے اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے اجمل وزیر نے کہا کہ صوبے میں پیٹرول کی قلت کے حوالے سے کہا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے پیٹرول مافیا کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کر رکھی ہے جسکے مطابق صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں انتظامیہ پٹرول کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کاروائیاں کررہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں کئی پٹرول پمپس سیل بھی کئے گئے ہیں۔ مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی انتظامیہ حرکت میں ہے۔وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر مختلف اضلاع میں متعدد مارکیٹس خلاف ورزی پر سیل کی جا رہی ہیں۔ لاک ڈاون میں نرمی ایس او پیز پر عمل درآمد سے مشروط تھی اس لئے ایس او پیز پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں صوبے کے سیاحتی مقامات ایس او پیز کے تحت کھولنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی محمود خان خود کورونا کی صورتحال مانیٹر کررہے ہیں وہ خود ہسپتالوں اور قرنطینہ سنٹرز کے دورے کررہے ہیں اور روزانہ تمام متعلقہ محکموں سے بریفنگ لیتے ہیں۔کورونا کا فی الحال کوئی علاج نہیں ہے سوائے احتیاطی تدابیر کے، اس لئے عوام سے درخواست ہے کہ حکومت کے قواعد وضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔اجمل وزیر نے ڈاکٹرز و دیگر طبی عملے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملے کے اراکین دن رات عوام کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن پر کام کررہے ہیں۔