وانا،آیاز وزیر کے گھرکو مسمار نہیں کیا جائے گا،امن جرگہ

وانا: قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں امن و امان کے مخدوش صورتحال اور سویلین اور سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں تیزی کے بعد احمد زئی وزیر کے ایک جرگے نے امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے وانا کی سیکیورٹی امن کمیٹیوں کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس کے رد عمل میں عوامی نیشنل پارٹی سے تعلق رکھنے والے کارکن ایاز وزیر اس کی مخالفت میں نکل آئے اور جرگے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ جب علاقے میں پولیس، انتظامیہ اور دیگر فورسز موجود ہے تو وانا کی سیکیورٹی کیسے امن کمیٹیوں کے سپرد کی جاسکتی ہے۔ جس پر ردعمل دیتے ہوئے جرگے نے گزشتہ اعلان کیا کہ جرگے کے حکم کو نہ ماننے اور انتشار کا باعث بننے کی سزا کے طور پر عوامی نیشنل پارٹی کے ایاز وزیر کے گھر کو قبائلی روایات کے مطابق مسمار کیا جائے گا۔ جبکہ ایاز وزیر پر 10 لاکھ جرمانہ بھی عائد کیا گیا تھا۔ طے پایا تھا کہ ایاز وزیر کے گھر کی مسماری کے لیے 6 جون کو بمقام کڑی کوٹ پر دوباہ جرگہ کے بعد ڈھول کی تھاپ پر ایاز وزیر کے گھر پر دھاوابول دیا جائیگا۔یاد رہے کہ ایف سی آر کے خاتمے کے بعد اب اجتماعی ذمہ داری کا قانون ختم ہوچکا ہے اور جرگہ اور اسکے فیصلے غیر قانونی اور انگریز دور کے کالے قانون کے تحت ہونے والا ایک عمل تھے جس کی اب کوئی قانونی حیثیت نہیں۔وانا سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق جرگے نے آج ایک بار پھر ایاز وزیر کے گھر کی مسماری کے فیصلہ کی منسوخی کو اپنے عمل پر قوم سے معافی مانگنے سے مشروط کیا۔