خیبر پختونخواپولیس کے لیے آن لائن تربیتی پروگرام متعارف کرانے کا فیصلہ

پشاور:انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے کویڈ – 19 کے دوران پولیس فورس کے اہلکاروں کو آن لائن پولیس ٹریننگ پروگرام مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان پولیس کی تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا آن لائن ٹریننگ پروگرام ہوگا ۔یہ ہدایات انہوں نے سنٹر ل پولیس آفس پشاور میں صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفسروں، پولیس ٹریننگ سکولز کے پرنسپلز اور سپشلائزڈ ٹریننگ سکولز کے ڈائریکٹرز کے ساتھ آن لائن کانفرنس کے دوران جاری کیں۔ کانفرنس میں پولیس ٹریننگ سکولوں میں فورس کے جوانوں کو کورونا وائرس کی وباء کے دوران مرحلہ وار ٹریننگ دینے کے مختلف طریقوں پر غور وخوض کیا گیا۔ پہلی تجویز کے مطابق خصوصی تربیت کے لیے منتخب ہونے والے جوانوں کے لیے کورونا کا ٹیسٹ لازمی ہوگا اور منفی ٹیسٹ رکھنے والے جوانوں کو ٹریننگ سکولوں میں عملی طور پر بلایا جائیگا جہاں انہیں کورونا وائرس کی وباء سے متعلق جاری کردہ حکومتی حفاظتی اقدامات سے متعلق اسٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پی) کے تحت سماجی فاصلے کے ساتھ کلاسوں میں بٹھا کر تربیت کے مراحل سے گزارا جائیگا۔ اس طریقہ کار کے مطابق کلاس میں لیکچر دینے والا انسٹرکٹر ضرورت کے تحت موبائل ایپ کی مدد سے زیر تربیت جوانوں کو لیکچر دے گا۔ اسی طرح شرکاء کی تعداد، تربیت کا دورانیہ اور آن لائن ٹریننگ کی ضروریات کا بھی جائزہ لیا گیا۔کانفرنس میں دوسری تجویز کے مطابق پولیس اہلکاروں کو اُن کے گھروں سے موبائل ایپ (Mobile App ) کے ذریعے آن لائن ٹریننگ فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلے میں بعض جگہوں پر موبائل سروس، انٹرنیٹ کی دستیابی وغیرہ سے متعلق پیش آنے والے مسائل و مشکلات کا بھی جائزہ لیا گیا۔آئی جی پی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی نے طویل غور وخوض کے بعد پولیس فورس کے اہلکاروں کو ان کے گھروں پر آن لائن موبائل ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ آئی جی پی نے ریجنل پولیس افسروں کو اس فیصلے کی روشنی میں اپنی اپنی تیاریاں مکمل کرنے اور تمام تکنیکی مراحل خوش اسلوبی سے طے کرکے جوانوں کے لیے آن لائن تربیتی پروگرام جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔