بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگا رہا ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگا رہا ہے۔یہ بات انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈویژن ڈاکٹر معید یوسف سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزارت خارجہ میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال خصوصاً بھارت کی جانب سے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والی جارحیت و دیگر اہم امور پر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اپنے جارحانہ عزائم کے باعث پورے خطے کے امن و استحکام کو داؤ پر لگا رہا ہے۔ خطے میں امن و امان کی صورتحال کو پیش نظر رکھتے ہوئے، عالمی برادری کو بھارت سرکار کی بڑھتی ہوئی انتہا پسندی کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ ملاقات کے دوران کورونا وائرس کی وجہ سے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے حوالہ سے کئے جانے والے اقدامات اور اس حوالہ سے پیشرفت پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔