قومی ادارہ صحت کی جانب سے پورے ملک کے ہسپتالوں کیلئے ایک گائیڈ لائن مرتب کی جائے،صدر مملکت

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی سطح پر صحت کا مربوط نظام پیچیدہ امراض بشمول کووڈ۔19 کی وبا سے نمٹنے کے لئے اہم ہے۔قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں کرونا کیسز کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ اعداد وشمار کے تبادلے کا لائحہ عمل اس مرض کے پھیلاو کو روکنے کی مربوط حکمت عملی کے لئے ضروری ہے۔ صدر مملکت نے قومی ادارہ صحت کی کووڈ۔ 19 کی ٹیسٹنگ اور صوبوں سے اعداد وشمار جمع کرنے کے مربوط مینجمنٹ سسٹم سمیت دیگر اقدامات کو سراہا۔انہوں نے تجویز دی کہ قومی ادارہ صحت کی جانب سے پورے ملک کے ہسپتالوں کے لئے ایک گائیڈ لائن مرتب کی جائے جس میں صحت کی سہولیات کے حوالے سے اقدامات تجویز کئے گئے ہوں۔اس موقع پر این آئی ایچ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر میجر جنرل عامر اکرام نے صدر مملکت کو بتایا کہ پبلک ہیلتھ ایمرجنسی سنٹر کی 21 جنوری سے کووڈ۔ 19 کے ردعمل اور ملک بھر میں شراکت داروں کو اس عمل میں شامل رکھنے کے حوالے سے فعالیت کے بارے میں بریفنگ دی۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکموں کے درمیان موثر رابطوں کی وجہ سے پاکستان ایشیا کے ان آخری ممالک میں شامل ہے جو کووڈ۔ 19 سے فروری کے آخر میں جاکر متاثر ہوا۔انہوں نے بتایا کہ وزارت قومی صحت کے تحت قومی ادارہ صحت نے کووڈ۔ 19 سے نمٹنے کے لئے قومی ایکشن پلان بنانے میں مکمل تعاون فراہم کیا اور 27 جنوری سے مسلسل رسپانس اور رسک کمیونیکیشن میں مصروف ہے۔صدرمملکت کو بتایا گیا کہ قومی ادارہ صحت یکم فروری سے ملک گیر سطح پر کووڈ۔19 کی ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کر رہا ہے اور بلوچستان، جنوبی پنجاب،خیبر پختونخوا،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو تشخیص اور استعداد کار میں اضافہ کے لئے معاونت فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ این آئی ایچ کی جانب سے سرویلنس سسٹم بنایاگیا ہے۔این آئی ایچ میں پانچ ریپڈ رسپانس ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں جو چوبیس گھنٹے انوسٹی گیشن اور نمونے اکھٹے کرنے میں مصروف ہیں جبکہ صوبوں اور دیگر فریقین کے ساتھ مل کر روزانہ کی بنیاد پر ان کووڈ۔ 19 کی ملک گیر رپورٹ تیار کرتا ہے۔صدر مملکت نے اس موقع پر این آئی ایچ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا جن میں پبلک ہیلتھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور نئے قائم ہونے والے بائیالوجیکل پروڈکشن ڈویژن شامل تھے۔