صوبائی وزیرریلیف بحالی وآبادکاری محمد اقبال وزیر کا ضلع خیبر میں قائم قرنطینہ مراکز کا دورہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزیر ریلیف بحالی وابادکاری محمد اقبال خان وزیر نے کہا ہے کہ ضلع خیبر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 160ملین روپے اور دیگر ضروری سامان بشمول حفاظتی سامان ضلعی انتظامیہ کو مہیا کردیا گیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار و زیر ریلیف بحالی وآبادکاری اقبال وزیر نے ضلع خیبر میں قائم قرنطینہ سنٹر کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر وزیر ریلیف اقبال وزیر نے قرنطینہ مرکز میں سہولیات کا جائزہ لیا۔ اقبال وزیر نے کہا کہ افغانستان سے آنیوالے 1363 پاکستانیوں کو ضلع خیبر کے قرنطینہ میں قیام دیا گیا ہے، شاکس اور جمرود فورٹ خیبر میں قائم قرنطینہ مراکز میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی گئی ہیں، اقبال وزیر نے کہا کہ محکمہ ریلیف کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو 480 بیڈز بمعہ ضروری سامان،2200 حفاظتی کٹس، 200ہائجین کیٹس حوالے کر دی گئی ہیں۔14500ماسکس جسمیں 2500 N-95 بھی شامل ہیں۔3000دستانے، 1000سرجیکل کیپس سمیت سینیٹائزرز، ڈیٹول، صابن اور کلورین بھی وافر مقدار میں مہیا کر دی گئی ہیں۔ اسکے علاوہ اشیائے خوردنوش میں 4000کلوگرام کھجور، 4000 لیٹر منرل واٹر اور 4000 جوس کے ڈبے بھی مہیا کردئیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ ریلیف دستیاب وسائل میں اس وباء کے خلاف بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے محکمہ ریلیف فرنٹ لائن پر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کی ہدایات کی روشنی میں محکمہ ریلیف کورونا وباء کے پھیلاؤ کے حوالے سے بروقت اقدامات اٹھارہا ہیں۔ ریلیف کے ذیلی ادارے پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے اہلکار بھرپور طریقے سے کام کر رہے ہیں۔ اقبال وزیر نے کہا کہ عوام حکومتی اقدامات کی عملداری میں ساتھ دیں۔عوام سماجی فاصلے اور میل جول میں احتیاط برتیں اور غیر ضروری طور پر اپنے گھروں سے نہ نکلیں۔قرنطینہ میں مقیم پاکستانیوں کو صوبائی حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے،کورونا وائرس نے پاکستان سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے،کورونا پھیلاؤ روکنے کے لئے عوام کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔