پاکستانی قوم کرونا وائرس کی وباءکی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی،صدر مملکت

راولپنڈی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستانی قوم کورونا وائرس کی وباءکی آزمائش سے سرخرو ہو کر ابھرے گی، حکومت کی متوازن حکمت عملی سے کورونا کے پھیلاﺅ کو روکنے میں مدد ملی ہے جبکہ ملکی معیشت کے بعض اہم شعبوں کو کھولنے سے لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی میسرآئیں گے، عوام موجودہ چیلنج سے نمٹنے کے لئے ڈسپلن کا مظاہرہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی سٹیشن پر ریلوے کے قلیوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان بیت المال نے کیا تھا۔ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد، معاون خصوصی برائے سماجی بہبود ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال عون عباس اور کنٹری ڈائریکٹر اسلامک ریلیف عمیر حسن بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان بیت المال کے تعاون سے تمام بنیادی اشیائے خوردو نوش پر مبنی راشن کے ڈبے مخیر حضرات اور پاکستان آرمی نے فراہم کئے تھے۔ صدر مملکت نے غریب اور محنت کش طبقہ کے لئے رمضان ریلیف پیکج کا اہتمام کرنے پر منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نیک کاموں کی تشہیر سے لوگوں میں امید پیدا ہوئی اور انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کے لئے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ہاں کار خیر کی ایک تاریخ ہے۔ موجودہ حکومت احساس پروگرام کے تحت ایک کروڑ 20 لاکھ خاندانوں تک امداد پہنچا رہی ہے۔ اس طرح یہ امداد 7 سے 8 کروڑ لوگوں تک پہنچے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وسائل کم ہیں۔ پچھلے بیس تیس سال میں ملک کی ترقی کے لئے کام نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے مسائل بڑھے ہیں تاہم حکومت ان مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہاکہ یہ اقوام کے لئے آزمائش کا وقت ہے تاہم مجھے یقین ہے کہ ہماری قوم اس مشکل وقت سے ابھر کر نکلے گی ہمارے ایک تاریخ ہے، ہم نے افغان مہاجرین کی کھلے دل سے میزبانی کی ۔ اس طرح دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی طویل جدوجہد کے بعد کامیابی حاصل کی۔ ہمارا ایمان ہے کہ اللہ ہمیں اس آزمائش سے بھی نکالے گا۔