کورونا عالمی وباء سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جی 20 اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان کی اپیل پر76 ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کے فیصلہ کوایک تاریخی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرضوں کی ادائیگی میں سہولت ملنے سے پوری ڈولپنگ دنیا کو فائدہ ہوگا،پاکستان کو معاشی سہولت ملے گی اور پسے ہوئے غریب طبقے کو سہولت ملے گی، بیرون ممالک میں پاکستانیوں کو جلد واپس لارہے ہیں،ابتدائی طور پر ہم نے اسلام آباد ائیر پورٹ کو کھولا اور وہاں ہمارا تجربہ کامیاب رہا،وفاقی حکومت تنہا اس سے عہدہ برا ہونے کی اہلیت نہیں کرتا ،اب صوبوں کی طرف سے ایئرپورٹ کھولنے پر آمادگی سے صورتحال میں بہتری آئے گی،ہماری نیت صاف ہے اس کام میں خیانت کرنے والا اللہ کی پکڑ سے نہیں بچ سکے گا،صدر ٹرمپ کو ڈبلیو ایچ او کی گرانٹ معطل کر نے کے فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے،سوشل میڈیا پر ہندوستان کا کردار انتہائی منفی ہے ،بھارت نے کوارنٹائین میں بھی مذہبی تفریق کر دی ہے یہ بھارت کی ہندتوا سوچ کی عکاسی ہے،پاکستان کی سوچ مثبت تھی، ہے اور رہے گی،میڈیا بھارت کے منفی رویے کو بے نقاب کرے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بارہ تاریخ کو وزیر اعظم عمران خان نے عالمی برادری سے ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے قرضوں میں سہولت فراہم کرنے کی تجویز دی۔ انہوں نے کہاکہ کرونا عالمی وبا سے دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی ہے ،برآمدات اور زرمبادلہ کی شرح کافی حد تک کم ہو رہی ہیں،ترقی پذیر ممالک کی معیشتوں پر اس کے مضر اثرات بہت شدید ہیں۔شاہ محمود قرشی نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اس وبائی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بڑی مشکل سے 8بلین ڈالر کا پیکج دیا جو ہماری معاشی حالت کے پیش نظر بہت بڑا تاریخی اقدام ہے،اس لیے وزیر اعظم عمران خان نے عالمی دنیا سے کمزور معیشتوں کو سہارا دینے کیلئے قرضوں میں سہولت کی تجویز آگے بڑھائی،ہم نے اس تجویز کو آگے بڑھانے کے لئے وزارت خارجہ میں بہت سے اجلاس کیے،ہم نے معاشی سفارت کاری کو بروئے کار لاتے ہوئے اس کا آغاز کیا۔