کرونا وائرس،صوبہ سندھ میں دس لاکھ سے زائد افراد احساس پروگرام سے محروم

کراچی:کرونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے متاثرہ مستحقین میں احساس پروگرام کے تحت امداد کی تقسیم سے صوبہ سندھ کے دس لاکھ افراد کے محروم رہ جانے کا انکشاف ہوا ہے۔وزیراعظم پاکستان کے احساس کفالت پروگرام (سابقہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام) کے تحت ان افراد میں امدادی رقوم تقسیم کی جا رہی ہے جو لاک ڈاؤن سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔صوبہ سندھ کے ان دس لاکھ افراد کو قومی شناختی کارڈ نہ ہونے کے باعث احساس کفالت پروگرام میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔وزیراعظم احساس کفالت پروگرام کے ایمرجنسی کیش پروگرام میں شامل ہونے کے لیے قومی شناختی کارڈ کے نمبر کا اندراج کرنا ضروری ہے۔ملک بھر میں ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت مستحقین میں فی گھرا نہ 12 ہزار روپے کی امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے اقلیتی امور پر معاون خصوصی ڈاکٹر کھٹو مل جیون کے مطابق ’ہندو پاکستان کی سب سے بڑی مذہبی اقلیت ہیں جن کی اکثریت زریں سندھ میں مقیم ہے۔ ہندوؤں کی کئی ذاتیں جن کے قومی شناختی کارڈ نہیں بنے ہوئے۔ میرے اندازے میں سندھ میں دس لاکھ ایسے ہندو اور مسلمان خانہ بدوش ہیں جن کے شناختی کارڈ نہیں بنے تو اس طرح وہ احساس کفالت پروگرام سے باہر ہیں۔