کوئی حکومت اکیلے کورونا جیسے بڑے چیلنج کا مقابلہ نہیں کر سکتی،عمران خان

اسلام آباد : وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ کوئی حکومت اکیلے کورونا جیسے بڑے چیلنج کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ مخیر حضرات کے عطیات اور فلاحی تنظیموں کی بھرپور معاونت سے حکومت ملک بھر کے تمام طبقوں تک پہنچنے کے لئے پرعزم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور فوکل پرسن برائے پناہ گاہ نسیم الرحمان بھی موجودتھے۔وفد نے کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں وفاقی حکومت خصوصاً وزیرِ اعظم عمران خان کی جانب سے کمزور طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہاوفد نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں تعمیرات اور دیگر مختلف صنعتی سرگرمیوں کی اجازت دینے کے حکومتی فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کاروباری طبقے کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے مستحق افراد کو کھانا فراہم کرنے اور تعلیم سمیت دیگر فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی جانب سے ملک بھر میں 112 لنگر خانے قائم کیے جا رہے ہیں۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے سیلانی ویلیفئر ٹرسٹ کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار افراد اور فلاحی تنظیمیں ہمارے معاشرے کی اصل طاقت اور اسکا روشن چہرہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم نے مشکل کی ہر گھڑی کا نہ صرف استقامت اور جوانمردی کا مقابلہ کیا ہے بلکہ کمزور طبقوں کی فلاح و بہبود کے لئے پوری قوم نے دل کھول کر اور بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔