وفاق سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کے لئے تیار ہے،فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 98فیصد امور پر تمام صوبوں کا اتفاق رائے پایا گیا، ما سوائے سندھ کے تمام صوبوں بشمول آزادوجموں کشمیر ،گلگت بلتستان نے یک زبان اور ہم آواز ہو کر وزیراعظم کی اس سوچ کو آگے بڑھایا،سندھ حکومت نے بغیر مشاورت کے سب سے پہلے لاک ڈائون کیا اس کے باوجود سندھ میں کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز ،کرونا وائرس کے وینٹیلیٹر پر پڑے ہوئے افراد، اموات اور کرونا کا پھیلائو تمام صوبوں سے ذیادہ ہے ،وفاقی حکومت سندھ کے شہریوں کو بے یارومدد گاریا سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتی ، داخلی سندھ سے دیہی سندھ تک ہر طرف بھوک ،افلاس ،بے روزگاری عروج پر ہے ، کرونا سے بچنے کے لئے احتیاط ہی واحد علاج ہے ، حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی احتیاط کے اندر عملی حصہ دار بننا ہوگا ،عوام حکومت کے ساتھ ملکر کرونا وائرس کو شکست دیں گے ۔ وہ پی ٹی آئی سندھ کے صدر علیم عادل شیخ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہیں تھیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کرونا وائرس کے ساتھ جڑے چینلجز کے حوالے سے قومی بیانیہ اور قومی حکمت عملی ترتیب دی گئی ،اس حکمت عملی کا محور اور مرکزیہ ہے کہ کرونا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے وفاق اور صوبے حفاظتی تدابیر پر عمل کریں اور کرونا پھیلائو محدود کرنے کے لئے وباء سے جڑی احتیاط کو شعور کے ذریعے عوام کو باور کرایا جائے کہ یہ مرض ناقابل علاج ہے ، انہوں نے کہا کہ باقی صوبوں نے جس طرح یک زبان اور ہم آواز ہو کر وزیراعظم کی اس سوچ کو آگے بڑھایا بد قسمتی سے سندھ سے پھر متنازعہ ٹویٹ جاری ہوتا ہے جس میں وزیراعظم کے اقدامات کو قوم کی موت سے تشبیہ دی گئی ہے ،قوم کو ایک دفعہ پھر تقسیم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، وزیراعظم ، قومی رابطہ کمیٹی اور حکومتی اداروں کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اپنے صوبے کے مفاد میں صوبائی حکومتیں مرضی کے فیصلے کرسکتیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق سندھ حکومت کو ہر ممکن تعاون فراہم کے لئے تیار ہے ، ایمرجنسی کیش منتقلی پروگرام ریاست کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے ، وزیراعظم عمران خان اس پروگرام کے ذریعے مشکل کے شکارشہریوں کے زخموں پر مرہم رکھنے میں مصروف ہیں، ایمرجنسی کیش ٹرانسفر پروگرام پر قائداعظم کی تصویر لگی ہوئی ہے اس وقت سیاست نہیں چمکانی یہ خدمت کا وقت ہے۔