کورونا وباء سے پیدا شدہ صورت حال میں مزید صحت عملے کی ضرورت ہے، تیمورجھگڑا

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے پشاور کے بڑے تدریسی ہسپتال لیڈی ریڈنگ کا دورہ کیا اور وہاں کورونا سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر بریفیگ لی اور مریضوں کو فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا۔ لیڈی ریڈنگ ہسپتال کے دورے کے موقع پر ڈین پروفیسر عبد الطیف خان، ہسپتال کے ڈائریکٹر خالد مسعود اور میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سلیمان خان نے کورونا سے متعلق انتظامات اور اقدامات پر وزیر صحت کو بریفننگ دی۔اس موقع پر تدریسی ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کے سربراہان بھی موجود تھے۔ تیمور جھگڑا نے ایل آر ایچ میں زیر علاج کورونا وائرس کے مریض کی وڈیو لنک پر عیادت بھی کی۔ صوبائی وزیر نے مریض کی خیریت دریافت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مریض نے ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی صحت سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثناء صوبائی وزیر نے کورونا مریضوں کے علاج معالجے پر تعینات صحت عملے سے بھی بات چیت کی۔ایل آر ایچ کے کورونا وارڈ میں ڈیوٹی پر موجود عملے کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ تیمور جھگڑا کا ایل آر ایچ انتظامیہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ یہاں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور دیگر صحت عملے کا حوصلہ بڑھانے کے لیے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایل آر ایچ میں بھی کورونا ٹیسٹنگ شروع کی جائے گی اور لیبارٹری کے قیام میں صوبائی حکومت ہر ممکن مدد فراہم مدد کرے گی۔ہسپتال انتظامیہ کے کورونا تدارک کے لیے اٹھائے گئے اقدامات میں حکومت پہلے ہی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وباء سے پیدا شدہ صورت حال میں مزید صحت عملے کی ضرورت ہے اسی لیے نئے صحت عملے کی بھرتی کے لیے لوکم سیکم متعارف کرائی ہے جس میں پورے ملک سے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکس اور کئی دیگر صحت شعبوں کے ماہرین اپلائی کر سکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ کورونا کے خلاف حالت جنگ میں ہیں ہو سکتا ہے اس دوران غلطیاں ہوں لیکن یہ امر یقینی ہے کہ ہم سب نے مل کر اس وباء کا مقابلہ کرنا ہے۔ یہ سوچنے سے زیادہ عملی طور پر کام کرنے کا وقت ہے۔