بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطہ میں امن کیلئے خطرہ ہیں،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات خطہ میں امن کیلئے خطرہ ہیں،مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے پوری قوم ہم آواز ہے۔دہشت گردی کو شکست دینے پر قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔پاکستان حق خود اردایت کے حصول تک کشمیری عوام کی سیاسی،سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔وہ بھارتی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔وزیراعظم عمران خان تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ایئر چیف مجاہد انور خان ،وفاقی وزرا، اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی تقریب میں شریک تھے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ 26 فروری 2019ءکے بھارتی جارحانہ اقدام کے خلاف پاکستان نے انتہائی ذمہ داری اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور 27فروری کو بھارتی جارحیت کا موثر جواب دیا۔وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ملکوں کیساتھ امن کا خواہاں ہے لیکن ملکی دفاع پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائیگی۔پاکستان پر امن ملک ہے اور کسی سے جنگ نہیں چاہتا لیکن ہمارا پہلا پیغام تھا کہ بھارت کسی بھی جارحیت کے بارے میں نہ سوچے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ واپس کرنے کے وزیراعظم کے اقدام کو دنیا بھر میں سراہا گیا۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستان کرتار پور راہدری کھول رہا ہے اور بھارت نے اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے اور مساجد کی بے حرمتیاں کی جارہی ہیں۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کیلئے تعاون کر رہا ہے،پاکستان کا ابتداء ہی سے یہ موقف تھا کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔پاکستان نے افغان امن عمل میں بھر پور سہولت کاری کا کردار ادا کیا جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے بابری مسجد کو شہید کیا اور پاکستان نے کرتارپور راہداری تعمیر کی،گذشتہ 48 گھنٹے کے دوران نئی دہلی فسادات کی زد میں ہے۔