پاک فضائیہ نے 27 فروری سرپرائز دیکر بھارت کو شکست دی، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد: بالاکوٹ حملہ کے بعد بھارت کے2 طیارے کو مارگرانے اور پائلٹ کو گرفتار کرنے کا ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان نے” ناقابل تسخیر عزم” کے عنوان سے دستاویزی فلم کا اجراءکر دیا ہے، پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ افواج پاکستان پیشہ وارانہ صلاحیت اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ جڑے وسائل کو استعمال کرتے ہوئے ملک کو ناقابل تسخیر بنانے کے لئے کردار ادا کرتی رہیں گی، پاکستان نے دستاویزی فلم کے ذریعے حقائق دنیا کے سامنے رکھ کر بھارتی جھوٹ اور پروپیگنڈے کو بھی مات دیدی ہے،27 فروری پاک فضائیہ کی جوابی کارروائی ہمارا فخر ہے ،پوری قوم آج جمعرات کو فخر کے ساتھ یوم فتح منائے گی، پاک فضائیہ نے 27 فروری سرپرائز دیکر بھارت کو شکست دی ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کی جانب سے تیار کی گئی ” ناقابل تسخیر عزم” کے عنوان سے دستاویزی فلم کے اجراءکے موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ امن کی خواہش پاکستان کے قومی بیانیے کا بنیادی حصہ ہے، بھارتی قیدی پائلٹ کی رہائی بھی امن کی خواہش کا اظہار تھا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں ہندتوا سوچ مسلمانوں کی نسل کشی کا باعث بن رہی ہے،دہلی کی سڑکوں پر بکھری مسلمانوں کی لاشیں مودی کے نفرت آمیز بیانیے کا نتیجہ ہے، صدر ٹرمپ نے بھارتی سرزمین پر کھڑے ہوکر دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے کردار کو سراہا، صدر ٹرمپ کا بیان سفارتی حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے بیان سے مودی کے نفرت اور متعصبانہ بیانیے کو شکست ہوئی۔ معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،قوم 27فروری کو یوم فتح کے طور پر منائے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دو بھارتی طیاروں کو مار گرا کے دنیا کے سامنے اپنے ناقابل تسخر ہونے کا لوہا منوایا ،مرضی اور وقت کے مطابق بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے خطے کے اندر اپنے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ،آئندہ بھی ایسی حرکت ہوئی تو پاکستان ایسے ہی 27فروری کے سرپرائز دیتا رہے گا ۔