پاکستان نے 27 فروری کو بھارتی شکست کے ناقابل تردید ثبوث دنیا کے سامنے رکھ دیئے ہیں

اسلام آباد :پاکستان نے 27 فروری کو بھارتی شکست کے ناقابل تردید ثبوت دنیا کے سامنے رکھ دیئے ہیں، پاک فضائیہ نے بھارتی فضائیہ کے ونگ کمانڈر ابھی نندن کے مگ 21 بائیس طیارے کے چاروں میزائل نمائش کیلئے پیش کئے ہیں، بھارتی مگ طیارے سے کوئی میزائل فائر نہیں ہوا اور نہ ہی ایف 16 طیارہ گرایا گیا۔ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے پاکستانی ایف 16 گرانے سے متعلق جھوٹا پروپیگنڈہ کیا۔ پاک فضائیہ کے حکام نے نمائش کے موقع پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک فضائیہ نے بھارت کے فضاءمیں موجود تمام طیاروں کی نشاندہی کی، انہیں لاک کیا اور دو مار گرائے۔ پاک فضائیہ نے ایل او سی کے اس پار 4 اہداف لاک کئے، تباہ نہ کئے اور خون بہا سے گریز کیا۔ انہوں نے بریفنگ میں کہا کہ پاک فضائیہ چاہتی تو بہت جانی اور مالی نقصان پہنچایا جا سکتا تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ موجود تمام ہتھیار ملکی دفاع کیلئے استعمال کا مکمل اختیار رکھتی ہے۔ 27 فروری 2019ءکو پاکستان کی سرحدی حدود میں دراندازی کرنے پر گرائے گئے بھارتی طیارے کے مختلف حصوں کی نمائش ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔ فضائیہ کے حکام نے بھارتی مِگ 21 کے میزائل آر 73 اور آر 77 اور دیگر حصوں کو نمائش کےلئے پیش کیا۔ پاک فضائیہ کے حکام نے بتایا کہ 27 فروری 2019ءکا دن پاک فضائیہ کی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ پاک فضائیہ نے اس روز بھی ہمیشہ کی طرح بھرپور پیشہ وارانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کا دفاع کیا اور مستقبل میں بھی اسی جوش و جذبہ کے ساتھ ملکی دفاع کےلئے کام کرے گی۔ واضح رہے کہ 27 فروری 2019ءکو پاک فضائیہ نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے بھارتی فورسز کے 2 لڑاکا طیاروں کو مار گرایا تھا۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک فضائیہ نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارتی فضائیہ کی دراندازی کو ناکام بنا دیا اور 2 بھارتی لڑاکا طیاروں کو مار گرایا۔ بیان میں کہا گیا کہ ایک بھارتی لڑاکا طیارہ مقبوضہ کشمیر میں گر کر تباہ ہوا جبکہ دوسرا طیارہ پاکستان کے علاقے آزاد کشمیر میں گرا۔ بھارت کا مِگ 21 طیارہ آزاد کشمیر میں تباہ کئے جانے کے بعد اس کے پائلٹ ونگ کمانڈر ابھی نندن کو گرفتار بھی کیا گیا تھا۔ اگلے روز ہی وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران اعلان کیا تھا کہ ہم امن کےلئے بھارت کے گرفتار پائلٹ ابھی نندن کو رہا کر دیں گے۔ یکم مارچ 2019ءکو ابھی نندن کو سخت سکیورٹی میں واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کر دیا گیا تھا۔