سونے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری

واشنگٹن : امریکا اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازعے کے پیش نظر خطے میں کشیدگی کی صورتحال ہے ،جس کے باعث عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں غیر معمولی حد تک اضافہ جاری ہے ۔عراق کے دارالحکومت بغداد میں امریکی ڈرون حملے میں ایران کی القدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل اور سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا جبکہ دنیا کی کئی بڑی اسٹاک مارکیٹس میں بھی شدید مندی کا رجحان ہے۔امریکی ریٹنگ ایجنسی بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں سونے کی قدر 22 ڈالرز اضافے کے بعد 1596.30 فی اونس کی بلند سطح پر پہنچ گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق 6سالوں میں یعنی 2013 سے سونا اب تک کی سب سے بلند سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ایرانی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل کے جواب میں ایران نے عراق میں امریکیوں کے زیر استعمال فوجی اڈوں پر میزائل حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں 3.5 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 64 سینٹ اضافے کیساتھ 63.34 ڈالرز فی بیرل ہوگئی ہے۔ایرانی حملے سے جاپان نکئی انڈیکس میں بھی منفی رجحان ہے اور انڈیکس 2.4 فیصد سے زیادہ گر گیا ہے۔