جس فورم پر ضرورت ہوگی بھارت کا بائیکاٹ کریں گے،ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل

اسلام آباد:ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے ہندوتوا سوچ نے بھارت کو بند گلی میں لاکھڑا کیا ہے، جس فورم پر ضرورت ہوگی بھارت کا بائیکاٹ کریں گے، افغانستان میں ڈاکٹر ناکا مورا کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، راﺅ انوار کا معاملہ عدالت میں ہے . دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی قانون سازی ہندو راشٹریہ کی عکاس ہے، سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد ہی میں ہوگا، دیکھنا ہوگا کہ بھارت سارک پر آگے بڑھنا چاہتا ہے یا نہیں .ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ 19 واں سارک سربراہ اجلاس اسلام آباد ہی میں ہوگا، دراصل ایک ملک کے علاوہ تمام سارک ممالک تنظیم کا جلد از جلد اسلام آباد میں انعقاد چاہتے ہیں اور ہم بھی یہی چاہتے ہیں، دیکھتے ہیں بھارت سارک پر آگے بڑھنا چاہتا ہے یا نہیں . ترجمان نے کہا کہ راﺅ انوار کا معاملہ ان کے مبینہ جرائم کی باعث عدالت میں ہے، امریکی محکمہ خزانے کی رپورٹ پر حیرت ہوئی ہے‘انہوں نے بتایا کہ حیرت ہے امریکی محکمہ خزانہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزیوں پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرانے میں ناکام رہا ہے، بھارتی قابض فورسز کی طرف ان سنگین خلاف ورزیوں پر آزادنہ رپورٹنگ ہوئی ہے .ترجمان دفتر خارجہ نے افغانستان میں جاپانی ڈاکٹر ناکا مورا کے بہیمانہ قتل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر ناکامورا نے افغانستان میں لاکھوں زندگیاں بچائیں، وہ ایک قد آور عالمی شخصیت تھے، ہم افغان اور جاپانی عوام کے غم میں برابر کے شریک ہیں . ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاک روس باہمی تعاون کمیشن کے مذاکرات کا چھٹا دور اسلام آباد میں ہوا، وزیر خارجہ نے ہارٹ آف ایشیاءکے بین الوزراتی اجلاس میں شرکت کی اور ترک صدر سمیت ترک وزیر خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں جبکہ وزیر خارجہ نے ہارٹ آف ایشیاءکانفرنس میں بھارتی وزیر کے خطاب کا بائیکاٹ کیا، جہاں پراور جس فورم پر بھی ضرورت ہوگی بھارت کا بائیکاٹ کیا جائے گا.