ایرانی صدر، وزیرخارجہ کی شہادت کی خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا، وزیراعظم

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں ایرانی سفیر سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی، ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جاں بحق ہونے پر اظہار تعزیت کیا۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اپنے بھائی اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کی ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ اور غم ہوا ہے،ہم دکھ اور غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہلخانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی ایک شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے، پاکستان نے آج ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور اعلیٰ خصوصیات کا مالک بھائیوں جیسا دوست کھودیا، ان کی اپنی قوم کے ساتھ ساتھ پاکستان ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کے لئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے ہمارے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم کیا ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔ پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم کا مشکل کی اس گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑے رہنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہا کہ مرحوم صدر ڈاکٹر رئیسی بھی وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بہترین انسان اور ایران کا دوست سمجھتے تھے،مرحوم صدر رئیسی کیلئے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے جذبات اور ان کے الفاظ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، مرحوم صدر ابراہیم رئیسی کے پاکستان ایران تعلقات کی مضبوطی و فروغ کے وژن کو جاری و ساری رکھا جائے گا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کے اعزاز میں سفارتخانہ کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کئے۔