طورخم بارڈر 24 گھنٹے کھولنے کے ثمرات آنا شروع

پشاور:طورخم بارڈر کو 24 گھنٹے کھولنے کے ثمرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ کارگو ٹریفک میں 56 فيصد اضافہ ہوا ہے، دو ہفتے پہلے ایک دن میں 586 کارگو گاڑیاں بارڈر سے گزرتی تھی، اب یہ 917 کارگو گاڑیوں تک پہنچ گیا ہے، اور اس میں مزید اضافہ ہوگا۔اس اقدام سے ملکی معیشت کو سہارا ملے گا اور قبائلی اضلاع کی تقدیر بدل جائی گی۔

وزیر اعظم عمران خان اگلے ہفتے اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ اقدام دونوں ممالک میں ٹرانزٹ، ٹریڈ بڑھانے کی طرف اہم پیشرفت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اقدام دونوں ممالک میں ٹرانزٹ، ٹریڈ بڑھانےکی طرف اہم پیشرفت ہے، دونوں طرف کاؤنٹرز 20 سے زائد اور حکام کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے۔

یاد رہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا تھا پاک اٖفغان بارڈر کو 24گھنٹے کھولے رکھیں گے، بارڈرکھلے رہنے سے ٹرانزٹ بڑھے گی ، طور خم بارڈر کو جدید سہولتوں سےآراستہ کررہے ہیں، کوشش ہے بارڈر کے دونوں طرف مشکلات کاخاتمہ ہو۔محمودخان کا کہنا تھا کہ پاک افغان بارڈر پر امیگریشن کا عمل تیز بنانے کے لئے مزید کاؤنٹر بنائے جائیں گے، تجارت کے فروغ سے تعلقات میں بہتری آئےگی۔

خیال رہے رواں سال جنوری میں وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ میں نے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کر دیے ہیں کہ 6 ماہ کے اندر طور خم بارڈر کو مکمل طور پر کھلا رکھنے کے لیے انتظامات مکمل کیے جائیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ طورخم بارڈر کا کھلا رہنا دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات اور بارڈر کے دونوں طرف رہائش پذیر افراد کے روزمرہ نجی تعلقات کے لیے بہت فائدہ مند ہوگا۔