قبائلی اضلاع میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن کرانے کے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے ضم قبائلی اضلاع میں ٹیکسز کی وصولی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے تخریب کاری میں استعمال کی وجہ سے ملاکنڈ طرز پر رجسٹریشن کرانے کے حوالے سے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ محکمہ ایکسائزخیبرپختونخواحکام کے مطابق پہلے مرحلے میں تمام قبائلی اضلاع میں نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی رجسٹریشن متعلقہ تھانوں میں کرائی جائیگی جس کے بعد مذکورہ نان کسٹم پیڈ گاڑیوں پر قبائلی اضلاع میں پابندی عائد کرنے کے بعد اس کا دائرہ کار ملاکنڈ ڈویژن تک بڑھا دیا جائے گا۔محکمہ ایکسائزحکام کے مطابق نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کا کاروبار کرنے والے افراد کی خصوصی نگرانی بھی شروع کردی گئی ہے، ٹیکسز کی وصولی اور نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے تخریب کاری میں استعمال کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے اس حوالے سے سفارشات اور تجاویز کی روشنی میں رجسٹریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے گی واضح رہے کہ اس وقت ملاکنڈ ڈویژن میں تمام نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کو متعلقہ علاقوں میں تھانہ جات کے ساتھ رجسٹرڈ کیا گیا ہے جہاں سے ان گاڑیوں کو عارضی نمبر پلیٹ دئیے گئے ہیں،ان نمبرات سے گاڑیوں کی معلومات جمع کی گئی ہیں جس کی وجہ سے اس کی شناخت آسان ہوگئی ہے قبائلی اضلاع میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کی وجہ سے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اصل تعداد سے متعلق ڈیٹا بھی پہلی بار حکومت کے پاس جمع ہوجائے گا۔