لوگ پریشانی کے عالم میں عدالت آتے ہیں ، آپ انصاف کے دروازے کھلے رکھیں

اسلام آباد:چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کی سپریم کورٹ آمد پر سپریم کورٹ کے عملہ نے ان کا استقبال کیا اور گلدستہ پیش کیا ۔چیف جسٹس نےاستقبال پر سپریم کورٹ کے عملہ سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہاکہ آپ سب کے تعاون سے مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ آج پہلے دن متعدد میٹنگز ہیں، میں آپ لوگوں سے بعد میں ملوں گا۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کے عملہ پرو اضح کیاکہ عدالتوں میں لوگ اپنے جھگڑے اور مسائل کے خاتمہ کےلئے آتے ہیں ، آپ لوگ عدالت آنے والوں سے ایسا سلوک کریں کہ جیسا میزبان اپنے مہمان کے ساتھ کرتے ہیں ۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ لوگ پریشانی کے عالم میں عدالت آتے ہیں ، آپ انصاف کے دروازے کھلے رکھیں اور جہاں تک ممکن ہوسکے ان کی مدد کیجئے۔ انہوں نے ملازمین سے کہا کہ آپ سے بعد میں تفصیلی ملاقات ہوگی ۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں سپریم کورٹ کے تمام ججز موجود تھے۔