ملک کو مصنوعی معاشی بحران میں پھنسانے والوں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے

اسلام آباد:پاکستان کی مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں ، مختلف مذاہب اور مسالک کے قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان تمام پاکستانیوں کا ہے اور کسی بھی گروہ ، جماعت یا فرد کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ مذہب کے نام پر قانون کو اپنے ہاتھ میں لے ، سانحہ جڑانوالہ اور سرگودہا میں ہونے والے واقعات کے مجرمان کو سزا ملنی چاہئے اور حقائق قوم کے سامنے آنے چاہئیں، پاکستان علماء کونسل یکم ربیع الاول تا اختتام ماہ ربیع الاول میں ملک بھر میں سیرت رحمۃ للعالمین ﷺ کانفرنسیں منعقد کرے گی جس میں رسول اکرم ﷺ کی اقلیتوں ، خواتین اور انسانیت کے حوالے سے تعلیمات کو بیان کیا جائے گا۔لاہور اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل اور مسیحی قیادت مشترکہ سیرت کانفرنس منعقد کرے گی ۔ سپہ سالار قوم جنرل سید عاصم منیر اور وزیر اعظم پاکستان انوارلحق کاکڑ سے اپیل کرتے ہیں کہ ڈالر، چینی ، آٹا ذخیرہ کرنے والوں اور بجلی اور گیس چوری کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ، ملک کو مصنوعی معاشی بحران میں پھنسانے والوں کو کسی صورت معاف نہ کیا جائے ۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل فیصل آباد کے تحت بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہی۔ کانفرنس کی صدارت چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کی ۔کانفرنس سے بشپ ڈاکٹر ریاض رحمت ، علامہ طاہر الحسن ، مفتی نصر اللہ ، مفتی حنیف بھٹی ، مولانا عصمت اللہ معاویہ ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ یہاں جاری پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان میں رہنے والے تمام پاکستانی آئین اور قانون کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گذارنے کا حق رکھتے ہیں ، کسی گروہ ، جتھے یا جماعت کو اجازت نہیں دی جا سکتی کہ ان کے حقوق کو صلب کرے ، اگر کوئی جرم کرتا ہے تو سزا مجرم کو ملنی چاہیے اور سزا دینے کا اختیار عدالت کے پاس ہے نہ کہ کسی فرد یا جماعت کے پاس ہے ۔کسی بھی مذہب کے ماننے والے کا جرم ایک فرد کا جرم ہوتا ہے اس مذہب کے تمام ماننے والوں کا جرم نہیں ہوتا، بد قسمتی سے جو کچھ جڑانوالہ میں ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس پر ہم شرمندہ ہیں، کبھی کسی مسیحی لیڈر یا رہنما نے قرآن کریم کو جلانے یا توہین ناموس رسالت کرنے والے مجرموں کی حمایت نہیں کی ہے ۔ہمیں چاہیے کہ ہم اعتدال کا راستہ اختیار کریں اور رسول اکرم ﷺ نے جو غیر مسلموں کے حقوق کے بارے میں ہدایات دی ہیں ان پر عمل درآمد کریں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد مسلم و مسیحی قائدین کا وفد جڑانوالہ کا دورہ کرے گا اور وہاں پر بحالی کے کاموں کے حوالے سے متعلقین سے معلومات حاصل کرے گا۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کے تحت پورے ملک میں ماہ ربیع الاول میں سیرت رحمۃ للعالمین کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی جن میں عوام الناس کو بتایا جائے گا کہ رسول اکرم ﷺ نے غیر مسلموں کے حقوق ، عورتوں ، بچوں کے حقوق کے حوالے سے کیا تعلیمات دی ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مسلم و مسیحی قائدین عوامی سطح پر مشترکہ اجتماعات کریں گے اور اس کا آغاز ماہ ربیع الاول سے کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مایوسی کی کوئی بات نہیں ہے پاکستان ایک مضبوط اور مستحکم ملک ہے ، ہمارے پاس ایک مضبوط فوج ہے اور ہم ایک محنت کرنے والی قوم ہیں، صرف ضرورت اس بات کی ہے کہ دیانتداری سے پاکستان کی خدمت کی جائے ۔ آج اگر سپہ سالار قوم کی ہدایات کی روشنی میں پورے ملک کے اندر ڈالر ، چینی کی سمگلنگ رک گئی ہے اور ڈالر پینتیس روپے نیچے آ گیا ہے اور چینی کی قیمت بھی کم ہو گئی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ اگر دیانتدار قیادت ہو تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم اپیل کرتے ہیں کہ ذخیرہ اندوزوں اور بد دیانت افراد کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور آئندہ سردیوں سے پہلے بجلی اور گیس چوری کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن ہو تا کہ ملک کے اندر مصنوعی معاشی بحران ختم ہو۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قطعی طور پر تنہا نہیں ہے پورا عالم اسلام پاکستان کے ساتھ ہے ، اسلامی تعاون تنظیم اور مملکت سعودی عرب اور پاکستان کا کشمیر پر موقف ایک ہے ۔بعض مایوس عناصر صرف مایوسی پھیلانے چاہتے ہیں ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم مایوس نہیں ہے ہم اپنی محنت سے اور دیانت داری سے انشاء اللہ پاکستان کو مستحکم اور مضبوط بنائیں گے۔