نگراں وزیراعلیٰ میرعلی مردان خان ڈومکی کا ہیڈکوارٹر بلوچستان کور کا دورہ

کوئٹہ:نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعلی مردان خان ڈومکی نےصوبہ میں امن اور ترقی کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور شہداءکی قربانی کو مادر وطن کی بقا کے لیے عظیم قربانی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر صوبے کے امن اور ترقی کے لیے کام کریں گے جو ملکی امن اور ترقی میں مددگار ہو گا۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ہیڈکوارٹر بلوچستان کور کا دورے کے موقع پر بات چیت کرتےہوئے کیا اس موقع پر کابینہ کے سینئر ارکان اور سول انتظامیہ کے افسران بھی ہمراہ تھے۔ نگران وزیراعلیٰ نے آمد پر یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ بعد ازاں وزیر اعلیٰ اور ان کی ٹیم کو صوبہ کی سیکورٹی صورتحال اور سیکورٹی فورسز کے آپریشنز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمانڈر بلوچستان کور لیفٹننٹ جنرل آصف غفور نے فورم کو چیف آف آرمی سٹاف کی ہدایات پر گزشتہ ایک سال سے جاری حکمت عملی سے آگاہ کیا جس میں بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی بنیادی پہلو ہے اور سیکورٹی فورسز اس کے لیے محفوظ اور سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے عمل پیرا ہیں۔