پاک بحریہ، رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان بحری مشقیں ختم

کراچی :پاک بحر یہ اور رائل سعودی نیول فورسز کے درمیان بڑی مشترکہ بحری مشق نسیم البحر-XIV سعودی عرب کی بندرگاہ الجبیل میں اختتام پذیر ہوگئی۔ مشق کا سمندری مرحلہ بحیرہ عرب میں منعقد کیا گیا۔ بحری مشقوں میں پاک بحریہ کے جہازوں سیف، ہمت، دہشت اور محافظ جبکہ سعودی بحری افواج کے جہازوں بدر، حطین، الصدیق، عقبہ اور الجوف جبکہ رائل سعودی ایئر فورس کے طیاروں کے علاوہ دونوں بحری افواج کی اسپیشل آپریشنز فورسز اور میرینز نے حصہ لیا۔مشق میں آپریشنل صلاحیتوں کی ایک وسیع رینج شامل تھی جس میں اینٹی سرفیس، اینٹی ایئر، مائن وارفیئر اور خصوصی آپریشنز کے اہم پہلوؤں کو شامل کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ تربیتی تجربہ حاصل کیا جا سکے۔پاک بحریہ کے جہازوں کے دورے اور مشق نسیم البحر XIV کے انعقاد کے ساتھ ساتھ، فلیگ آفیسر سی ٹریننگ پاکستان نیوی، ریئر ایڈمرل شفاعت علی خان نے بھی سعودی عرب کا دورہ کیا۔اپنے دورے کے دوران انہوں نے سعودی نیول فورسز کے کمانڈرایسٹرن فلیٹ، ریئر ایڈمرل ماجد بن حزہ القحطانی اور دیگر سینئر افسران سے ملاقات کی اور مشق کی اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ ان ملاقاتوں کے دوران دوطرفہ بحری تعاون اور علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قبل ازیں مشق کے ہاربر فیز کے دوران الجبیل میں پاک بحریہ کے جہازوں پر یوم دفاع پاکستان کی مناسبت سے پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد بھی کیا گیا۔بحری مشق نسیم البحرکا انعقاد ہر دو سال بعد کیا جاتا ہے جو دو دہائیوں سے پاک سعودی اسٹریٹیجک تعلقات اور بحری شعبے میں تعاون بڑھانے اور سمندری چیلنجز سے نمٹنے کے باہمی عزم کا مظہر ہے۔