مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے گا

گلگت:نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام عناصر کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت اور امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو آئی ٹی، صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں میں پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام اضلاع بالخصوص دیامر اور استور کے اضلاع میں تعلیم کے شعبے کے کئی مسائل کی بروقت نشاندہی اور موثر حل کئے جا چکے ہیں، تعلیمی شعبے میں لئے گئے اقدامات میں طلباء کو غذا کی فراہمی کے پروگرام، تعلیمی عمارتوں کی از سرنو تعمیر اور شکستہ حال عمارتوں کی بحالی، اساتذہ کی پیشہ وارانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی پر مبنی سمارٹ سکولوں کی تعمیر وغیرہ سر فہرست ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم کو بریفنگ میں گلگت بلتستان میں صحت کے شعبے میں لئے گئے مثبت اقدامات کے بارے میں بتایا گیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ گلگت بلتستان میں نفسیاتی امراض کے بڑھتے ہوئے رجحان کے سد باب کے لئے 24 گھنٹے فعال رہنے والی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو ماحولیاتی اور سیاحتی شعبوں میں لئے گئے مثبت اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔ علاوہ ازیں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں گندم کی کاشت اور اس کی پیداوار پر سبسڈی کی فراہمی، گلگت بلتستان میں پن بجلی کی پیداوار کی حقیقی استعداد اور موجودہ پیداوار اور بجٹ کی صورت حال پر بھی بریف کیا گیا۔وزیراعظم نے گلگت بلتستان انتظامیہ اور سیاسی قیادت کو تمام موجودہ ترقیاتی منصوبوں کی افادیت کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں قانون و انصاف اور امن و امان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت میں مذہب کے نام پر انتشار پھیلانے والے تمام افراد کی بروقت نشاندہی اور ان کے خلاف سخت اقدامات لینے کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے تمام شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، نگران وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی، گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان، چیف سیکرٹری گلگت بلتستان، آئی جی گلگت بلتستان اور متعلقہ اعلیٰ افسران شامل تھے۔