ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائے گا

اسلام آباد :نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائے گا جس کے لیے ہمیں پارلیمنٹ اور میڈیا میں دہشت گردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہوگا، ہم سب کومل کر یہ جنگ لڑنی ہے کل یہ نہ ہو سی ٹی ڈی کے خلاف پرچے کروائیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سازشی عناصر نے ہمیشہ ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی، پاکستان پر دہشت گردی کے نام پر جنگ مسلط کی اور ملک کے خلاف انٹیلی جنس سول وار بھی شروع کی گئی۔نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ نسلی تعصب سے نکل کر پاکستان کو مقدم رکھنا ہوگا، سکیورٹی فورسز اور پولیس کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں قابل ستائش ہیں، ملک سے دہشت گردی کا ناسور ختم کیا جائے گا، جس کے لیے ہمیں کنفیوژن ختم کرنا ہے، اداروں کوغیر سیاسی ہونا ہے اور پارلیمنٹ اور میڈیا میں دہشت گردوں کی حمایتی آواز کو کچلنا ہوگا۔