ایف بی آر کے محاصل میں نمایاں اضافہ

اسلام آباد:فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ماہ اگست میں اپنے ہدف سے 20 ارب روپے زیادہ کے محصولات اکٹھے کیے۔ ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق اگست کے مہینہ میں ایف بی آر کو 669 ارب روپے کے محصولات موصول ہوئے جو ہدف 649 ارب روپے کے مقابلہ میں 20 ارب روپے زیادہ ہیں۔اسی طرح ری فنڈ کی مدمیں ایف بی آر نے 42 ارب روپے جاری کئے۔ گزشتہ سال اگست میں 38 ارب روپے کے ری فنڈز کی ادائیگیاں کی گئی تھیں۔جاری مالی سال کے پہلے دو ماہ میں ایف بی آر نے مجموعی طور پر 1207 ارب روپے کے محصولات اکٹھے کیے جبکہ ہدف 1183 ارب روپے تھا۔ انکم ٹیکس کی مد میں 488 ارب روپے وصول کئے گئے جو گزشتہ سال کے 347 ارب روپے کے مقابلہ میں 41 فیصد زیادہ ہے۔ سیلز ٹیکس کی مد میں وصولیوں کا حجم 473 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 407 ارب روپے کے مقابلہ میں 16 فیصدزیادہ ہے۔فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا حجم 80 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں 57 فیصد زیادہ ہے۔ان لینڈ ریونیو ٹیکسوں کی وصولی کی شرح میں مجموعی طور پر 29 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔ترجمان ایف بی آر کے مطابق کسٹم ڈیوٹی کی مد میں وصولیوں کا حجم 166 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 151 ارب روپے کے مقابلہ میں 10 فیصد زیادہ ہے۔