عمران خان کی 3 اور شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانت منظور

اسلام آباد:اسلام آباد کی انسدادِ دہشتگردی کی عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 3 اور شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں منظور کر لیں۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں 30، 30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کیں۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر راجہ نوید اور پی ٹی آئی کے وکلاء سردار مصروف اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے جان بوجھ کر احتجاج کروایا، بانی پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی رہنماؤں کو غیر ضروری نرمی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جائیں۔جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی موقع پر تو موجود نہیں تھے، پراسیکیوٹر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی موقع پر موجود نہیں تھے۔بعد ازاں عدالت نے دونوں کی ضمانتیں منظور کرتے ہوئے 30 ، 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں احتجاج کے تناظر میں عمران خان اور شاہ محمود کے خلاف 5 مقدمات درج ہیں۔