جشن آزادی وزیرستان جیپ ریلی کامیابی سے اختتام پذیر ہوگئی

پشاور: 76ویں جشن یوم آزادی کی خوشیوں کے سلسلے میں منعقدہ یوم آزادی وزیرستان جیپ ریلی شمالی وزیرستان سے ہوتی ہوئی جنوبی وزیرستان اور پھر ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر اختتام پذیر ہوگئی۔ خیبرپختونخواکلچراینڈٹورازم اتھارٹی ، ضم اضلاع ٹورازم ونگ ، پاک آرمی اور فرنٹیئر 4×4 کلب کے تعاون سے منعقدہ یوم آزادی وزیرستان جیپ ریلی میں ملک بھر سے 50 سے زائد 4×4 جیپیں شریک ہوئیں۔ریلی پشاور سے باراستہ بنوں، رزمک شمالی وزیرستان اور پھر جنوبی وزیرستان سے ہوتی ہوئی ڈیرہ اسماعیل خان کے مقام پر اختتام پذیر ہوئی۔ریلی میں اے کیٹیگری میں پہلی پوزیشن عمر خیام، دوسری پوزیشن انعام اللہ سکندری، تیسری پوزیشن باسط نے حاصل کی۔بی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن رضوان ، دوسری طاہر سلمان اور تیسری پوزیشن ادریس قریشی نے حاصل کی۔سی کیٹیگر ی میں ظفر بلوچ نے پہلی، بحرہ مزاری نے دوسری اور جمیل حمدانی نے تیسری پوزیشن لی جبکہ بائیکرز میں پہلی پوزیشن ثاقب شاہ، دوسری ابوبکر اور تیسری حمید نے حاصل کی۔ جیپ ریلی میں ملک بھر سے 50سے زائد جیپیں اورمیانوالی رائیڈرز کلب کے 10 موٹر بائیکرزشریک ہوئے۔ریلی میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ ریلی سے دنیا کو امن کا پیغام جائے گا اور ساتھ ہی ساتھ ان علاقوں میں موجود قدرت کے حسین سیاحتی مقامات کی جانب سیاح راغب ہوسکیں گے۔جشن آزادی کے موقع پر جیپ ریلی کے انعقاد کا مقصد نہ صرف ان مقامات کی رونمائی کرنی ہے بلکہ ساتھ ساتھ ان علاقوں میں سیاحتی سرگرمیوں کو بھی فروغ دینا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے ضم اضلاع میں بے شمار سیاحتی مقامات ہیں جو کہ سیاحوں کیلئے کھلے ہیں اور سیاح ان مقامات کا رخ کرسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ پشاور سے ریلی کا آغاز ڈائریکٹرجنرل خیبرپختونخوا کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی برکت اللہ مروت نے کیا تھا۔