ملائیشیا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تجارت، معیشت، تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید بہتر بنانا چاہتا ہے، ملائیشیا کے تاجروں کو پاکستان کی سرمایہ کاری دوست پالیسیوں سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ملائیشیا میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، ملائیشیا کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کئے جائیں۔ صدر مملکت ل نے نامزد سفیر پر زور دیا کہ وہ ملائیشیا کی تاجر برادری ، چیمبرز آف کامرس کے ساتھ روابط کو فروغ دیں ، گزشتہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، ویلیو ایڈڈ مصنوعات کے ذریعے ملائیشیا کو پاکستان کی برآمدات مزید بڑھانے کیلئے کوششیں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ نامزد ہائی کمشنر ملائیشیا میں پاکستانی افرادی قوت کی سہولت اور بہبود کیلئے کام کریں اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کیلئے کوششیں کریں۔ صدر مملکت نے نامزد سفیر کو ہدایت کی کہ وہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارت کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، ہندوستان میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک کو اجاگر کرنے کے لئے بھی کام کریں۔ صدر مملکت نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر عملدرآمد میں پاکستان کی مدد پر ملائیشیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے نامزد ہائی کمشنر کو تقرری پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔