مردان کے کھلاڑیوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کردیاگیاہے

مردان: ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن مردان کے صدر حاجی محمد اسحاق، جنرل سیکرٹری جمال ہوتی،فنانس سیکرٹری جاوید اقبال،ریجن کے جنرل سیکرٹری مقصود انور،کرکٹر انعام خان اوردیگر نے کہا ہے کہ کرکٹ ٹیموں کے سلیکشن میں تمام قواعد وضوابط کو پاؤں تلے روندا گیاہے اور ذاتی اثرورسوخ پر کھلاڑیوں کا انتخاب کیاگیاہے.جسے قطعی طور پر کسی کو بھی منظورنہیں ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہاکہ سلیکٹرز نے پشاور اورفاٹاکو زیادہ نمائندگی دی ہے جبکہ ایبٹ آباد ریجن جن میں مردان سمیت سات اضلاع شامل ہیں کو نظرانداز کرکے میرٹ کا جنازہ نکال دیاگیا ہے.انہوں نے کہاکہ مردان سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی جو گذشتہ تین سالوں سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے آرہے ہیں جن میں خلیل اللہ،فرسٹ کلاس کرکٹر،عمران شاہ،وقار ملک،فوادملک،سجادہاشمی،سمیع الرحمن،منصور علی اور بلال شاہ شامل ہیں کو سائیڈ لائن کردیاگیا اوران کے حق پر ڈاکہ ڈالاگیا.

ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہاکہ مایہ ناز کھلاڑیوں کو ایک طرف نئے کرکٹ سٹرکچر میں نظر اندارکیاگیا جبکہ دوسری طرف یہ کھلاڑی مختلف سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کی نمائندگیوں سے بھی محروم کردیئے گئے ہیں جس سے ان کا روزی روٹی وابستہ تھی.انہوں نے کہاکہ سلیکٹرز کے فیصلے سے کرکٹ چالیس سال پیچھے چلاگیاہے اورسسٹم ٹھیک کرنے کے دعویداروں نے سسٹم کا بیٹراغرق کرکے رکھ دیاہے انہوں نے کہاکہ سلیکٹر محمد وسیم کی جانب سے پاکستان اور نیوز ی لینڈ کے طرز پر کرکٹ سٹرکچر کی مذمت کی اور کہاکہ دونوں ملکوں میں زمین آسمان کا فرق ہے اورنیوز ی لینڈ اورآسٹریلیا کرکٹ سٹرکچر یہاں لاگو کرکے کھلاڑیوں کا مستقبل داؤ پر لگانے کی کوشش کی جارہی ہےاسکے علاوہ لیول فور کوچ آیازاکبر کوکوچنگ پاکستان واپڈا کے ٹرینر احمدسید جبکہ فاسٹ باولر ZTBL حمزہ خان کو بھی نظرانداز کیاگیا ہے ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن مردان کے صدر حاجی محمد اسحاق نے کہا اگر سلیکٹر نے فیصلہ واپس نہ لیا تو ہم عدالت کادروزاہ کھٹکائیں گے۔