وزیرِاعظم کی زیر صدارت حکومت کی معاشی ٹیم کا اجلاس

اسلام آباد :وزیرِاعظم عمران خان نے تعمیراتی شعبہ میں متعین ٹیکس کے نفاذ اور اسے صنعت کا درجہ دینے کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ اس تجویز پر غور اور اس بارے رپورٹ پیش کی جائے، چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی کے حوالہ سے وفاقی و صوبائی محکموں کے درمیان بہتر روابط اور درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے کےلئے سمیڈا کو مزید فعال کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات کو حکومت کی معاشی ٹیم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کی ترقی کےلئے اٹھائے جانے والے اقدامات، تعمیراتی شعبہ کے فروغ، غربت کے خاتمہ کےلئے موجودہ حکومت کے سب سے اہم منصوبے ”احساس پروگرام“ پر پیشرفت اور معیشت کی ترقی کےلئے مختلف وزارتوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے آغاز میں گذشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی رپورٹ وزیرِ اعظم کو پیش کی گئی۔ گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (ایس ایم ایز) کی ترقی کےلئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ، زراعت اور تعمیراتی شعبہ کی ترقی اسٹیٹ بینک کی ترجیحات میں شامل ہیں۔