پاک فوج کی تنصیبات پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے

لاہور:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کی تنصیبات پر حملہ اور شہدا کی یادگاروں کو مسخ کرنا ناقابل معافی ہے،9 مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی ،مزید تباہی ہو سکتی تھی اللہ نے بچا لیا،سانحہ 9مئی کی سازش کا مرکزی کردار عمران خان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ہائوس کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کیا۔وزیر دفاع نے کہاکہ عمران خان نے پاک فوج اور اس کی قیادت پر تنقید کرنے کا کبھی کوئی موقع ضائع نہیں کیا،9مئی کے واقعہ میں توڑ پھوڑ کرنے والے ذہنی اور نظریاتی طور پر پاکستانی نہیں تھے،توڑ پھوڑ کرنے کیلئے باقاعدہ طور پر آٹھ دس دن تک پی ٹی آ ئی کے شر پسندوں کو زمان پارک میں ٹریننگ دی گئی۔انہوں نے کہا کہ9 مئی کو قصداً اداروں کی تکریم کو پامال کیا گیا،بانی پاکستان کی تصاویر کو ضائع کیا گیا، جناح ہائوس میں قائد اعظم کے پیانو کو بھی توڑ دیا گیا، یہ لوگ پاکستانی نہیں تھے ،ان لوگوں نے شہدا کی یادگاروں کو بھی نہیں بخشا۔ وزیر دفاع نے کہا کہ9 مئی کو ریڈلائن کراس ہوئی پہلے کبھی کسی نے ایسا سوچا نہیں تھا،اداروں میں اختلافات ہو سکتے ہیں اور سیاستدانوں میں آ پس میں نظریاتی اختلافات ہو سکتے ہیں لیکن کوئی بھی سیاسی جماعت اس حد تک نہیں جاسکتی کہ اپنے شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرے۔انہوں نے کہا کہ جن شہدا نے ہماری حفاظت کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ،پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے ان شہدا کی یادگاروں کو مسخ کیا،9مئی کو ریاست کیخلاف بغاوت ہوئی، مزید تباہی ہوسکتی تھی لیکن اللہ تعالی نے ہمیں بچالیا۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد،لاہور،پشاور ،راولپنڈی،گوجرانوالہ اور چکدرہ میں ہرجگہ آپ کو ایک طریقہ نظر آئے گا جو پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے اختیار کیا،کہا جاتا ہے کہ حملہ آوروں پر آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت مقدمات کیوں بنائے جارہے ہیں،جو لوگ 9مئی کے واقعہ میں ملوث ہیں ان کیخلاف کیسز بنائے جائیں گے اور ان کو آئین اور قانون کے تحت قرار واقعی سزا دی جائے گی۔خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان اقتدار کھو چکا ہے اور اس کی حوس میں بہت دور نکل چکا ہے ،9مئی کا دن ہمیشہ اس بات کی شہادت دیتا رہے گا،عمران خان نے 10,12دن تک 9مئی کے واقعہ کی کوئی مذمت نہیں کی اس کے بعد جو مذمت کی ہے وہ مشروط مذمت ہے، آئیں بائیں شائیں ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر دفاع نے کہا کہ ایک ادارہ جو خود کو سیاست سے الگ کرچکا ہے آپ بار بار اس کو فریق کیوں بنا رہے ہیں،فوج کو سیاست کا فریق بنانا سب سے بڑا جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خا ن پر جو قاتلانہ حملہ ہوا تھا اس کا ملک میں کوئی ری ایکشن نہیں آیا،عمران خان کی گرفتار ی پر ری ایکشن اس طرح کیوں آیا؟یہ بات قابل سوچ ہے ،اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ 9مئی کا واقعہ سوچا سمجھا منصوبہ تھا،اس دن جو ریڈ لائن کراس ہوئی پاکستان کی 75سالہ تاریخ میں ایسا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔انہوں نے کہا کہ 9مئی کو کسی سویلین ادارے پر حملہ نہیں ہوا بلکہ تمام حملے دفاعی تنصیبات پر کئے گئے ،دنیا بھر میں سرکاری عمارتوں پر حملے ہوتے ہیں لیکن یہ کبھی نہیں ہوا کہ آپ اپنی فوج کے شہدا کی یادگاروں جو ہماری تاریخ کے روشن باب ہیں آپ ان کو مسخ کرنا شروع کردیں،ان کی توہین کریں یہ اقدام ناقابل معافی ہے۔