مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سنگین ، مودی دنیا کو گمراہ کرنے میں ناکام

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر زیر قبضہ جموں و کشمیر کی موجودہ سنگین صورتحال کے بارے میں عالمی برادری کو گمراہ کرنے کے لیے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ایک طرف مودی حکومت نے کشمیری عوام کے تمام بنیادی حقوق سلب کررکھے ہیں تو دوسری طرف مقبوضہ علاقے میں جی 20اجلاس جیسی بین الاقوامی تقریبات کا انعقاد کرکے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارتی فوجی قبضے میں گزشتہ 7 دہائیوں سے ظلم و جبر اور خونریزی کا نشانہ بن رہے ہیں۔حریت کانفرنس نے کہا کہ موجودہ سنگین صورتحال میں یہ دنیا کے ہر انصاف پسند شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔بیان میں مزید کہا کہ عالمی برداری کو مظلوم کشمیریوں کی فریاد سن کر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ عالمی برادری کو اپنے دوغلا معیارترک کرتے ہوئے کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے میں اہم کردار ادا کرنا چاہیے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور مقبوضہ کشمیرمیں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور انسانیت کے خلاف جرائم پر مودی حکومت کو جواب دہ ٹھہرایاجاناچاہیے ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں خادم حسین اور سید سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینئر محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں سرینگر میں مودی حکومت کی میزبانی میں منعقدہ جی 20اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر چین، ترکیے، سعودی عرب، مصرانڈونیشیا ، میکسیکو اور عمان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کامقصد 05اگست 2019کے اپنے غیر قانونی اقدامات کو جواز فراہم کرنا اوردنیا کو یہ تاثر دینا تھا کہ جموں و کشمیر میں صورتحال معمول کے مطابق ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی طرف سے 10 لاکھ سے زائد فوجیوں کی نگرانی میں ان تقریبات کے انعقاد سے کشمیریوں کے عزم وحوصلے کو پست نہیں کیا جاسکتا اور وہ اپنی جدوجہد آزادی کواسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے اور ان کا پاکستان میں شامل ہونے کا خواب پورا ہو گا۔دریں اثناء پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیر احمد غزالی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کشمیری عوام سرینگر میں جی 20اجلاس کا بائیکاٹ کرنے پر چین، سعودی عرب، ترکیہ ، انڈونیشیا اور مصر کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ان ممالک نے سرینگر میں گروپ 20 کے متنازعہ اجلاس میں شرکت نہ کرکے دنیا کو گمراہ کرنے کی بھارتی سازش کو بری طرح ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اقوامِ متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ رعلاقے جموںو کشمیر میں لاکھوں بھارتی فوجیوں اور کمانڈوز کے پہرے میں “جی20اجلاس کا انعقاد عالمی ادارے کی قراردادوں اور بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔