نیویارک :اقوام متحدہ کل8پاکستانی امن فوجیوں کو بعدازمرگ اعزازات سے نوازے گا

نیویارک :دنیابھرسے اقوام متحدہ کے ایک سوتین امن فوجیوں میں آٹھ پاکستانی شامل ہیں جنہیں کل نیویارک میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی پچھترویں سالگرہ کے موقع پر ایک خصوصی تقریب میں بعدازمرگ اعزازات سے نوازاجائے گا۔چھ پاکستانی امن فوجی جمہوریہ کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہیدہوگئے تھے۔ان پاکستانیوں میں حوالدارمحمداسماعیل، میجرفیضان علی، لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان، نائب صوبیدارسمیع اللہ خان، میجرمحمدسعدنعمانی اورلانس حوالدارمحمدجمیل خان شامل ہیں۔حوالدار بابرصدیق اسی مشن میں خدمات سرانجام دیتے ہوئے اورکارپورل محمدطاہر اسلام نے وسط افریقی جمہوریہ میں اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی مشن میں جام شہادت نوش کیا۔پاکستان اس وقت اقوام متحدہ کے امن دستوں میں پانچواں بڑامعاون ملک ہے جس کے تقریبا چارہزاردوسوفوجی اورپولیس اہلکارمختلف ملکوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔