عمران خان کے الزامات من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی ہیں ،آئی ایس پی آر

راولپنڈی:پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے الزامات کو من گھڑت اور بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ادارہ جھوٹے ،غلط بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بغیرثبوت انتہائی بے بنیاد الزامات لگائے، حاضر سروس فوجی افسر پر بغیرثبوت الزامات انتہائی غیر ذمہ دارانہ اور بے بنیاد ہیں،پچھلے ایک سال سے فوجی اور انٹیلی جنس اہلکاروں کو اشتعال انگیزی اور سنسنی خیز پروپیگنڈے کے ذریعے سیاسی مقاصد کے لئے نشانہ بنایا جارہا ہے ۔متعلقہ راہنمائوں سے کہتے ہیں کہ وہ جھوٹے الزامات لگانا بند کریں اور قانونی راستے کا سہارا لیں۔ ادارہ واضح طور پر جھوٹے ،غلط بیانات اور پروپیگنڈے کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔