پاکستان کیخلاف من گھڑت پروپیگنڈا، بھارتی صحافی نے بے نقاب کردیا

حیدرآباد :پاکستان کیخلاف من گھڑت پروپیگنڈے کی حقیقت سامنے آگئی، تالا لگی قبر کا بھانڈا خود بھارتی صحافی نے ہی پھوڑ دیا۔بھارتی ویب سائٹ آلٹ نیوز کے بانی صحافی محمد زبیر نے پاکستان کے خلاف بھارت کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کردیا۔ بھارتی صحافی محمد زبیر نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تالا لگی قبر کی تصویر پاکستان کی نہیں بلکہ بھارت کی ہی ہے۔آلٹ نیوز کے مطابق انہوں نے حیدرآباد کے رہنے والے سماجی کارکن عبد الجلیل سے رابطہ کیا جنہوں نے اس قبرستان کا دورہ کیا اور تالا لگی قبر کی تصاویر بھیجیں۔ یہ قبرستان دراب جنگ کالونی حیدرآباد میں واقع مسجد سالار الملک کے سامنے واقع ہے۔مقامی مسجد کے ذمہ دار نے بتایا کہ قبر ڈیڑھ دو سال پرانی ہے اور پرانی قبروں میں مردے دفنانے کے باعث لواحقین نے قبر پر جالی لگائی تھی جس کا مقصد یہ تھا کہ کوئی قبر میں دوسری میت دفن نہ کرسکے۔آلٹ نیوز کی خبر میں مزید بتایا گیا کہ وائرل ہونے والی تصویر کے ساتھ ان تصاویر کا موازنہ کرنے سے ثابت ہوتا ہے کہ یہ ایک ہی قبر کی تصویر ہے۔ سبز تالے والے گیٹ کے علاوہ قبر کا پتھر اور قبر کی پوزیشننگ بھی ایک جیسی ہے۔خیال رہے کہ چند دن قبل بھارتی نیوز ایجنسی ‘اے این آئی’ نے قبر پر لوہے کی جالی کی تالا لگی تصویر پاکستان سے منسوب کرکے پوسٹ کی تھی۔ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستانی والدین اپنی بیٹیوں کو ریپ سے بچانے کیلئے انکی قبروں پر تالا لگاتے ہیں۔بعد ازاں بھارت کے کئی بڑے خبر رساں اداروں کی جانب سے بھی اس خبر پر نفرت انگیز رپورٹس شائع کی گئیں۔