فخر زمان نے محمد یوسف کا ریکارڈ توڑ دیا

لاہور : قومی ٹیم کے جارح مزاج اوپنر فخر زمان زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانے والے ٹاپ 10 پاکستانی بلے بازوں میں شامل ہوگئے ہیں ۔ 33 سالہ فخر زمان نے نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ون ڈے میں 117 رنز کی شاندار باری کھیلی جو ان کے لسٹ اے کیریئر کی 17 ویں سنچری تھی اور اس کے ساتھ ہی وہ زیادہ لسٹ اے سنچریاں بنانیوالے ٹاپ 10 پاکستانی بلے بازوں میں 7ویں نمبر پر آگئے ہیں ۔فخر زمان اب تک 134 لسٹ اے میچز کی 133 اننگز میں 6 مرتبہ ناٹ آئوٹ رہتے ہوئے 47.88 کی اوسط سے 6082 رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 17 سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں ۔ فخر زمان لسٹ اے کرکٹ میں پاکستان کیلئے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں محمد حفیظ اور احمد شہزاد کے برابر آکھڑے ہوئے ہیں ۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 27 لسٹ اے سنچریوں کے ساتھ خرم منظور کے ہمراہ مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن پر موجود ہیں ۔قومی ٹیم کے سابق اوپنر سعید انور 26 سنچریوں کیساتھ دوسری پوزیشن پر براجمان ہیں ۔ سابق قومی کپتان سلمان بٹ 24 سنچریوں کے ہمراہ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں ، قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے 21 سنچریوں کے ساتھ چوتھی پوزیشن سنبھال رکھی ہے ، ایشین بریڈ مین ظہیر عباس 19 سنچریاں سکور کرکے 5 ویں جب کہ سابق ٹیسٹ اوپنر سلیم الہی 18 سنچریاں سکور کرکے چھٹی پوزیشن پر موجود ہیں ۔سابق ٹی ٹونٹی کپتان محمد حفیظ اور احمد شہزاد اور فخر زمان 17، 17 سنچریوں کے ساتھ مشترکہ طور پر 7 ویں ، سابق ٹیسٹ کرکٹر اعجاز احمد ، سابق ون ڈے کپتان اظہر علی اور آل رائونڈر شعیب ملک 16،16 سنچریاں سکور کرکے مشتر کہ طور پر 8 ویں جب کہ سابق کپتان محمد یوسف ، رمیز راجہ اور عمران فرحت 15، 15 لسٹ اے سنچریاں سکور کرکے مشترکہ طور پر 9 ویں نمبر پر موجود ہیں۔