جنگی قابلیت پر سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،آئی ایس پی آر

راولپنڈی : سابق آرمی چیف کے حوالے سے میڈیا میں چلنے والے بیانات کا معاملہ،آئی ایس پی آر کے مطابق سابق آرمی چیف کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا،سابق آرمی چیف کیساتھ میڈیا انٹرایکشن آف دی ریکارڈ تھا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے سابق آرمی چیف کے بیان سے متعلق تبصروں پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سابق آرمی چیف کا پاکستان کے مستقبل کے خطرے پر بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔ پاک فوج کی جنگی تیاریوں کے بارے میں میڈیا بحث سامنے آئی،یہ مباحثے سابق آرمی چیف کے انٹریو کے تناظر میں ہوئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ اپنی آپریشنل تیاریوں اور انتہائی جنگی قابلیت پر فخر کیا اور کرتے رہیں گے۔پاک فوج مادر وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہے،پاک فوج نے ہتھیاروں،ساز و سامان اور جنگی وسائل سے بھرپور ہیومین ریسورس ہمیشہ تیار رکھا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل احمد شریف چوہدری نے میڈیا بریفنگ میں کہا تھا کہ ضرورت پڑی تو دشمن کی سرحدوں کے اندر جانے سے گریز نہیں کریں گے، بھارت خوش فہمی میں نہ رہے،کوئی مہم جوئی کی تو 27 فروری سے زیادہ شدید جواب دیں گے، بھارت کی گیدڑ بھبھکیوں سے نہیں ڈرتے،بھارت کشمیر کی متنازع حیثیت کو نہیں بدل سکتا۔انہوں نے کہا کہ بریفنگ کا مقصد افواج پاکستان کی پیشہ ورازنہ سرگرمیوں اورحالیہ دہشتگردی کے خلاف کاروائیوں سے متعلق بتانا ہے، 2003 کے پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی جانب سے سیز فائر کے ایگریمنٹ سے متعلق فروری 2021 میں انڈرسٹینڈنگ ہوئی اس کے بعد سے ایل اوسی کی صورتحال بہتر رہی ہے۔