جامعات آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ معیار کے ہنر مند گریجویٹ تیار کریں

کراچی: صد ر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے تازہ ترین رجحانات اور پیشرفت سے ہم آہنگ رہنے کے لیے تیز تر فیصلے کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ جامعات تعلیم اور تربیت کے معیار کو مزید بہتر بنائیں ،جامعات خاص طور پر آئی ٹی کے شعبے میں اعلیٰ معیار اور ہنر مند گریجویٹس تیار کریں ،جامعات آن لائن اور ہائبرڈ ذریعہ تعلیم کی مدد سے زیادہ تعداد میں گریجویٹ پیدا کریں ، سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے پاکستان کو اپنے انسانی وسائل کی فکری ترقی میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے ۔ایوان صدر کے پر یس ونگ کے مطابق وہ پاکستان ایئر فورس ایئر وار کالج انسٹی ٹیوٹ کی سینیٹ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان کو 22 ملین سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے ، اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلوں کی شرح کو بھی بہتر بنانا ہوگا، پاکستان میں صرف 9 فیصد طلبا ایف ایس سی کے بعد جامعات میں داخلے حاصل کرتے ہیں ، پاکستان ہر سال آئی ٹی اور متعلقہ شعبوں میں صرف 35000 گریجویٹس پیدا کرتا ہے ،صرف 35 ہزار آئی ٹی گریجوایٹس مارکیٹ کی ضروریات پورا کرنے کیلئے ناکافی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو باقی دنیا کے ساتھ رفتار برقرار رکھنے کیلئے آئی ٹی اور متعلقہ شعبوں میں گریجویٹس کی تعداد میں بہتری لانی چاہیے،جامعات اپنے فزیکل انفراسٹرکچر کو موثر طریقے سے استعمال کریں ، مزید شفٹیں متعارف کرائیں،یونیورسٹیوں میں طلبا کی تعداد بڑھانے کے لیے آن لائن تعلیم کے حجم میں اضافہ کریں ۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ دنیا کے 52 فیصد سائبر سکیورٹی ماہرین کے پاس کوئی ڈگری نہیں ہے ، آن لائن تعلیم کے ذریعے خود کو ہنر سے آراستہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے آئی ٹی کے شعبے میں نوجوانوں کی مہارتوں کی نشوونما کے لیے ایک آن لائن پروگرام ڈیجی سکلز متعارف کرایا ،ڈیجی سکلز پروگرام سے اب تک 25 لاکھ سے زیادہ افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ صدر مملکت کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی میں تقریباً 70,000 طلباء ایف ایس سی کا امتحان پاس کرتے ہیں،نشستوں کی کمی اور محدود وسائل کی وجہ سے صرف 8000 طلبا ہی اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلہ حاصل کرسکتے ہیں ۔