لاہور سے امدادی سامان کی دوسری خصوصی کارگو فلائٹ ترکیہ روانہ

لاہور:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر این ڈی ایم اے کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور اس سلسلے میں لاہور سے امدادی سامان کی دوسری خصوصی کارگو فلائٹ ترکیہ روانہ کر دی گئی۔وزیراعظم کے معاون خصوصی خواجہ احمد حسان نے سامان کی روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ پاکستان اور ترکیہ دوست ممالک ہیں، زلزلے کے باعث مشکل کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم ترکیہ کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر واٹر اور فائر پروف سپیشلائزڈ ٹینٹ کی نئی کھیپ ترکیہ روانہ کی جارہی ہے، حکومت پاکستان ترجیحی بنیادوں پر 70ہزار ٹینٹ اور ایک لاکھ کے قریب کمبل اور ادویات ترکیہ بھیجے گی اور یہ امدادی سامان کارگو فلائٹس کے ذریعے 23مارچ تک ترکیہ روانہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ نے قدرتی آفات کے دوران ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر امداد کی۔معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان سیلاب کی وجہ سے مشکل سے دور چار ہے مگر اس کے باوجود وزیراعظم محمد شہباز شریف وہ پہلے سربراہ مملکت ہیں جو زلزلہ کے بعد ترکیہ پہنچے اور وہاں کے حالات کا جائزہ لے کر ترکیہ کی اس مشکل گھڑی میں ہر ممکن امداد کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ جلد ترکیہ اس ناگہانی آفت سے نکل آئے گا، پاکستان اس ضمن میں ترکیہ کی ہر ممکن امداد جاری رکھے گا جبکہ وزیراعظم کی ہدایت پر این ڈی ایم اے ریلیف کی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔